جمعرات 14 اگست 2025 - 17:23
مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ میں درسِ اخلاق و مکالمہ قرآن و نہج البلاغہ کی نشست

حوزہ/ مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ کے حیدریہ ہال میں درسِ اخلاق، قرآن اور نہج البلاغہ کے عنوان سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ بنت الہدیٰ ہریانہ کے حیدریہ ہال میں درسِ اخلاق، قرآن اور نہج البلاغہ کے عنوان سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جسمیں ہندوستان میں آیت اللہ شیخ محمد یعقوبی کے نمائندے مولانا سید نبی حیدر نے خصوصی شرکت کی۔

ابتداء میں قاری محمد اسجد نے تلاوتِ قرآن کریم سے سامعین کے دلوں کو نورِ ایمان سے منور کیا، اس کے بعد سیدہ نیلم زہرا نے دینی کلام پیش کیا۔ پروگرام کے دوران مولانا سید نبی حیدر نے اخلاق و معرفت کے موضوع پر خطاب کیا۔

طالبات نے نہایت شائستہ انداز میں آیاتِ قرآنی کی تلاوت و ترجمہ اور نہج البلاغہ کے کلماتِ قصار پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کو غور و فکر کی دعوت دی۔ ایک طالبہ کی جانب سے نہج البلاغہ کے حکیمانہ اقوال کی فصیح پیشکش نے ماحول کو علم و معرفت کی خوشبو سے بھر دیا۔

مولانا کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات اور اساتذہ کو انعامات و تحائف سے نوازا گیا، جو حوصلہ افزائی اور اعترافِ خدمت کی روشن مثال تھی۔ اس موقع پر مدرسہ کی علمی اور تربیتی کارکردگی کو سراہا گیا، اور بتایا گیا کہ یہ ادارہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و نہج البلاغہ کی روشنی کو عام کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

قاری محمد اسجد کی نگرانی میں چار طالبات نے قرآن مجید کے پانچ اجزاء حفظ کیے، جبکہ دیگر طالبات بھی حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کر رہی ہیں۔ مزید یہ کہ مدرسہ کے لیے مستقل عمارت کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے، جو دینی و عصری تعلیمات کے لیے ایک جامع اور محفوظ مرکز فراہم کرے گی۔

مدیر مدرسہ مولانا عقیل رضا ترابی نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ محدود وسائل کے باوجود مدرسہ اپنے مشن کو پوری قوت اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھاتا رہے گا۔ اس کے علاوہ آیت اللہ العظمیٰ باقر الصدر رضوان اللہ علیہ کے نام سے منسوب لائبریری کو بھی علمی و تحقیقی خدمات کا قیمتی سرمایہ قرار دیا گیا۔

پروگرام کا اختتام مولانا سید محمد ثقلین کی نظامت اور امامِ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی سلامتی کی دعا پر ہوا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha